واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر امریکا اور چین کے درمیان کسی فریق کا انتخاب کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا جا رہا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات پر استوار ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد کو واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان بڑھتی ہوئی عالمی رقابت میں حصہ لینے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نہیں، امریکا پاکستان یا کسی دوسرے ملک سے یہ نہیں کہتا کہ وہ امریکا اور چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے یا امریکا اور کسی دوسرے ملک میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔
ملر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات قریبی عوامی تعلقات پر مبنی ہیں اور امریکہ جنوبی ایشیائی ملک کے ساتھ اپنی شراکت داری اور معاشی تعلقات کو وسعت دینے کے طریقوں کی تلاش جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا اقتصادی تعاون خطے کے بارے میں ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو آزاد، مضبوط اور خوشحال ممالک پر مشتمل ہے اور ہمارے تعلقات احترام اور شراکت داری کے جذبے پر مبنی ہیں۔