لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے دل میں کسی کے لیے انتقام کی خواہش نہیں ہے، جن لوگوں نے ووٹ نہیں دیا ان کی بھی وزیراعلیٰ ہوں، سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد مریم نواز کا اپنے اسمبلی پہلے خطاب میں کہنا تھا نواز، شریف، شہباز شریف، پارٹی پارٹی قیادت، کارکنوں اور ووٹ دینے والی تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا اپوزیشن آج ایوان میں ہوتی اور جمہوری عمل کا حصہ بنتی، شور شرابا کرتی تو مجھے خوشی ہوتی، میں ان سب کی بھی وزیراعلیٰ ہوں جنھوں نے ووٹ نہیں دیا، اپوزیشن سے کہتی ہوں کہ میرے دروازے ان کے لیے بھی کھلے رہیں گے کیونکہ میں ان کی بھی وزیراعلیٰ ہوں۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا جن امتحانات سے گزر کر یہاں تک پہنچی ہوں اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، ایسا وقت بھی دیکھا جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی، جب آپ انتقام کا نشانہ بن کر کسی عہدے پر پہنچتے ہیں تو تاثر ہوتا ہے کہ آپ بھی انتقام کا بدلہ لیں گے لیکن میرے دل میں کسی سے انتقام لینے کی خواہش نہیں ہے، مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کی شکر گزار ہوں، سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہوں، میرا وزیراعلیٰ بننا ہر پاکستانی خاتون کے لیے ایک اعزاز ہے۔