مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز عمرہ کی ادائیگی کے لیے جدہ پہنچ گئیں، مریم نواز اور ان کے والد نواز شریف سعودی شاہی خاندان کے مہمان ہوں گے۔
جدہ پہنچنے پر مریم نواز کا پارٹی کارکنوں اور بھائی حسن نواز اور ان کے اہل خانہ نے استقبال کیا، ان کے ہمراہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر، ان کے بچے، ڈاکٹر عدنان، رانا عمران منج سمیت مجموعی طور پر 25 افراد موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اگلے دو روز میں لندن سے سعودی عرب پہنچیں گے۔
اطلاعات کے مطابق مریم نواز اپنے والد کی آمد تک جدہ میں قیام کریں گی، دونوں باپ اور بیٹی عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جائیں گے۔
مریم نواز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی ایئر لائن کی پرواز سے جدہ کے لیے روانہ ہوئیں۔
نواز شریف اور مریم نواز سعودی شاہی خاندان سے بھی ملاقات کریں گے اور رمضان المبارک کے آخری 10 دن مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گزاریں گے۔