مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کی بنیاد پر نہیں بنے، توشہ خانہ میں عمران خان نے ڈکیتیاں کی ہیں، فارن فنڈنگ میں عمران خان مجرم ثابت ہو چکا ہے۔
تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ مسلم لیگ (ن) میں آنے کے لیے منتیں کر رہے ہیں۔
مریم نواز ںے کہا کہ ماضی میں بھی ہمیشہ برے حالات میں ملک ملا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ ڈلیور کیا اور اب بھی قوم اور ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف آئے گا تو سب حالات ٹھیک ہو جائیں گے، مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت نہیں، عوام جانتے ہیں کہ معاشی تباہی اور مہنگائی کا عذاب سابق حکومت لائی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ چار سال میں جو تباہی مچائی گئی اس سے نجات حاصل کرنے میں چند سال لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کی بنیاد پر نہیں بنے، مشرق اور مغرب میں سب جانتے ہیں کہ عمران خان نے ٹیریان کے معاملے میں جھوٹ بولا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ٹیریان والا جھوٹ نہ نگلا جا رہا ہے اور نہ اگلا جا رہا ہے، توشہ خانہ میں عمران خان نے ڈکیتیاں کی ہیں، فارن فنڈنگ میں عمران خان مجرم ثابت ہو چکا ہے۔