کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سیف اللہ مگسی کینال کے قبو سب ڈویژن کے دھوری مائنر میں پانی کی قلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کو 48 گھنٹوں میں پانی چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ آبپاشی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر امجد جتوئی نے کہا کہ دھوری مائنر کے علاقے میں پانی کی قلت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ نان پیرینیل مائنر ہے اور صرف ربیع کے سیزن میں پانی دیا جاتا ہے تاہم پینے کے لیے کچھ پانی چھوڑا جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے دوران دھوری مائنر میں پانی چھوڑ دیا گیا تھا، اس لیے علاقے کے کاشتکاروں نے آر ڈی صفر تا 30 سے دھان کی فصل کاشت کی۔
نگراں وزیراعلیٰ نے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو ہدایت کی کہ دھوری مائنر میں پانی چھوڑا جائے تاکہ آر ڈی صفر تا 30 کے مقامی کاشتکاروں کی کھڑی دھان کی فصل تباہ نہ ہو، نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کو پانی چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کراچی امتیاز ساریو کی قیادت میں اسمگل شدہ کپڑوں کے خلاف آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسٹمز، رینجرز اور پولیس کے ٹیم ورک کے خوشگوار نتائج برآمد ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کراچی کی سربراہی میں پاکستان کسٹمز، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کلاتھ مارکیٹس پر چھاپہ مار کر 250 ملین روپے کا اسمگل شدہ کپڑا برآمد کر لیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹریٹ کرمنلز، ڈرگ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں میں اسی طرح کی ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔