مکہ مکرمہ میں ایک نجی ہوٹل کی تیسری منزل پر خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں سے چھ کا تعلق پنجاب کے ضلع قصور سے تھا، جبکہ باقی دو کا تعلق بورے والا سے تھا۔
جاں بحق ہونے والوں میں سے چار کی شناخت ریاض گجر، ان کی اہلیہ، نانا اور سسر کے نام سے ہوئی ہے، اس کے علاوہ حاجی اشرف، ان کی اہلیہ اور ساس بھی آگ میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ عازمین عمرہ کی ادائیگی کے لیے جا رہے تھے، جیسے ہی آگ تیزی سے ہوٹل میں پھیل گئی، بہت سے لوگ پھنس گئے اور انہیں ہنگامی خدمات کے ذریعہ بچانا پڑا۔
مقامی حکام اور فائر فائٹرز نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھادی اور ہوٹل میں موجود افراد کو باہر نکالا، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک کمرے میں لگی اور جلد ہی دوسرے کمروں میں پھیل گئی، آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثناء جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ متاثرہ خاندانوں کو امداد اور مدد فراہم کر رہا ہے۔