پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کیلئے کل شروع ہونے والا آپریشن لاہور ہائیکورٹ نے کل صبح دس بجے تک فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کے لیے درخواست پر سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شان گل لاہور ہائی میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کے وکیل نے کہا کہ وہ عمران خان کا دفاع نہیں کر ہیں، لیکن جو زمان پارک کے باہر ہو رہا ہے وہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ میں قابل سماعت نہیں ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ اس معاملے کو کسی طرح ٹھیک بھی تو کرنا ہے، جو بھی اسلام آباد پولیس کی طرف سے آپریشن لیڈ کر رہا ہے ہم اسے بلا لیتے ہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ اگر اسلام آباد پولیس کے افسر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ہم انکے وارنٹ جاری کریں گے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد پولیس لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔
عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی طرف سے آپریشن کی سربراہی کرنے والے افسر ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری کو فوری پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب وقفے کے بعد عدالت میں پیش ہوئے تو جسٹس طارق سلیم شیخ نے ان سے کہا کہ اگر ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک آپریشن روک دیں تو کوئی اعتراض ہے؟
آئی جی پنجاب نے جواب دیا کہ ہم عدالت کے ہر حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے کل صبح دس بجے تک پولیس آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔