ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ میں اداکاری کے شہنشاہ کہلائے جانے والے امیتابھ بچن مشہورِ زمانہ بھارتی گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیٹ پر جذباتی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 81 سالہ امیتابھ بچن کون بنے گا کروڑ پتی کے سیزن 16 کی میزبانی کرنے جارہے ہیں اور شو کا آغاز رواں ہفتے سے ہوا۔ٹیلی ویژن گیم شو کی میزبانی کے لیے واپس آتے ہی وہ کافی جذباتی ہو گئے، شو کا پرومو بھارتی ٹی وی نے جاری کیا جس میں انہوں نے ناظرین اور شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے دل موہ لینے والی تقریر کی جس میں انہوں نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں جن سے میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرسکوں۔
امیتابھ نے کہا آج ایک نئے سیزن کا آغاز ہو رہا ہے لیکن میرے پاس الفاظ کی کمی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسے الفاظ ہی نہیں جو آپ کی محبت کا شکریہ ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
جیسے ہی شو کے عملے نے ان کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں تو امیتابھ بچن کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے اور انہوں نے کہا کہ میں شکریہ ادا نہیں کرسکتا کیونکہ لوگوں کی دعاؤں نے ہی کون بنے گا کروڑ پتی کو یہاں تک پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس ملک کی عوام کو اس شو کو نئی زندگی دینے پر سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ شو ان ہی کی وجہ سے کامیاب رہا۔