کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کی انتظامیہ نے آزاد جموں و کشمیر میں چھپے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔
انتظامیہ نے فیڈر لیگ کے نام سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد تیسرے ایڈیشن سے قبل خطے میں مقامی ٹیلنٹ کو تلاش کرنا ہے۔
لیگ آٹھ روز پر محیط ہوگی اور 10 سے 18 جون تک آزاد جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں منعقد ہوگی، کھلاڑیوں کا انتخاب منصفانہ ٹرائلز پر مبنی ہوگا۔
ٹرائلز کے بعد مقامی ٹورنامنٹ کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں مختلف فرنچائزز میں شامل ہونے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
سات ٹیموں پر مشتمل اس کرکٹ لیگ کا تیسرا ایڈیشن اگست میں مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں میرپور رائلز اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
رواں ماہ کے اوائل میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی سی بی سے وابستہ امپائر اور میچ ریفری جنہوں نے کے پی ایل کے دوسرے ایڈیشن میں امپائرنگ کی تھی انہیں ابھی تک میچ فیس نہیں ملی ہے۔