پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 72 میں سے 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 14 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جماعت اسلامی نے 5، عوامی نیشنل پارٹی نے 4، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے 2 اور تحریک لبیک پاکستان نے ایک نشست حاصل کی۔
اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع کے 65 دیہات اور محلوں میں خالی بلدیاتی نشستوں پر پولنگ ہوئی، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی رکاوٹ کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبے میں کم از کم 256 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جن میں سے 102 مرد، 89 خواتین اور 65 مشترکہ پولنگ اسٹیشن تھے۔