اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔
ایک نوٹیفکیشن میں پولنگ اتھارٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے 8 اکتوبر 2023 کو پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، الیکشن ایکٹ 2017 ء کی دفعہ 57(2) کے تحت انتخابات کے لئے انتخابی پروگرام مقررہ وقت پر جاری کیا جائے گا۔
کے پی کے گورنر نے پہلے انتخابات کی تاریخ 28 مئی تجویز کی تھی، لیکن بعد میں سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے الیکشن کمیشن سے 8 اکتوبر کو انتخابات کرانے کی درخواست کی تھی۔
یہ پیش رفت پاکستان تحریک انصاف کو پسند نہیں آئے گی، کیونکہ وہ پہلے ہی پنجاب انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کر چکی ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے انتخابات ملتوی کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد 30 اپریل کی تاریخ دی تھی، تاہم 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے منصوبے میں تبدیلی کی بڑی وجہ سیکیورٹی وجوہات قرار دیتے ہوئے آئندہ انتخابات ملتوی کردیے تھے۔
جنوری میں قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے دونوں اسمبلیاں تحلیل کرنے والی تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال سمیت پانچ رکنی بینچ کر رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب انتخابات کے لیے پہلے اعلان واپس لینے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا، جب سیکیورٹی اور مالیاتی اداروں نے آئندہ انتخابات کے دوران کمیشن کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔