پشاور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور 8 گھنٹے غائب رہنے کے بعد منظر عام پر آگئے اور ان سے ٹوٹے ہوئے رابطے بھی بحال ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور رات دیر گئے اسلام آباد سے پشاور کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے علی امین گنڈاپور کے واپس پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی۔
اس سے قبل مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
تاہم سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے علی امین کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گرفتار نہیں کیا گیا وہ محفوظ ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں جلسہ ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں ضلعی انتظامیہ کے افسر کو حبس بے جا میں رکھنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین، شیر افضل مروت، صاحبزادہ حامد رضا اور زین قریشی کو گرفتار کرلیا ہے۔