وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی بازآبادکاری کی حکمت عملی ناکام ہوگئی ہے اور کالعدم عسکریت پسند گروپ اب بھی پاکستان کے اندر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہا ہے۔
منگل کو امریکی میڈیا کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحفظات سے طالبان حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور افغان حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کے باوجود عمران خان ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، سابق وزیراعظم فوج پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔