وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا کام آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہے، پنچایت کرنا نہیں۔
سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی ہر چھوٹی چھوٹی بات پر فیصلوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے لیے چیف جسٹس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں، انہوں نے کہا کہ جب عدلیہ کی بات آتی ہے تو یہ عوام کے اعتماد کا معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران معاملہ بد سے بدتر ہوگیا اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے دشمنی میں بہت آگے چلے گئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ثاقب نثار نے ٹی وی پر اپنے بیٹے کی حالیہ آڈیو لیک کا اعتراف کیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو اس بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نے پارٹی ٹکٹوں کی ریٹ لسٹ مقرر کر رکھی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نہ صرف ثاقب نثار بلکہ پی ٹی آئی کی قیادت بھی بے نقاب ہو چکی ہے، اقتدار سے دور رہنا عمران خان کو اندر سے کھا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور ان کے سہولت کاروں نے نواز شریف اور ان کے خاندان پر حد سے تجاوز کیا۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب سابق حکمران جماعت کو نئے سہولت کار مل گئے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جون میں آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کی ہیں، اب ہمیں دیکھنا ہے کہ آئی ایم ایف اپنے وعدوں کو پورا کرتا ہے یا نہیں۔