نوشہرہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے عام انتخابات کے لیے ملک میں نگران سیٹ اپ لگانے پر اتفاق کیا ہے اور انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوگی۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کے انعقاد میں حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ اور بجٹ مخلوط حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات موجودہ بحران کا واحد حل ہیں، ملک میں مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قوم کو مایوسیوں سے نکالا ہے۔ کراچی اور سندھ سمیت پورے ملک میں مردم شماری شفاف اور قواعد کے مطابق کی گئی، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور جماعت اسلامی (جے آئی) کے اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کراچی کی میئر شپ نہ ملنے پر صدمے میں ہیں اور وہ عجیب انداز میں بات کر رہے ہیں۔