ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ کوہلو میں آپریشن کے دوران خان محمد مری کی بازیاب ہونے والی 17 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کا کہنا ہے کہ بچی کے پیروں پر سگریٹ سے جلانے کے نشانات بھی تھے۔
اس سے قبل مری کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لیے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔
ضلع بارکھان میں پولیس آپریشن کے دوران ایک خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں کنویں سے ملنے کے بعد مری کی اہلیہ، بیٹی اور چار بیٹوں کو مبینہ طور پر بلوچستان کے وزیر عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل سے بازیاب کرا لیا گیا۔
ڈاکٹر فیض کے مطابق مری کی 17 سالہ بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ ان کی 50 سالہ اہلیہ گران ناز پر اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ گران ناز کو صرف جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ خان محمد مری کے دو بیٹوں نے بھی جنسی زیادتی کے بیانات دیئے ہیں۔
دریں اثنا بارکھان کے ایک کنویں سے ملنے والی 17 سالہ لڑکی کی لاش دو دیگر افراد کے ساتھ ملی، جس کی شناخت مری کے بیٹوں کے طور پر کی گئی ہے، جسے پولیس نے لاوارث قرار دے کر ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا۔
ایدھی رضاکاروں نے لاش کو کوئٹہ کے قریب ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ایک قبرستان میں سپرد خاک کیا۔
مری کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ متوفی لڑکی بھی ان کے ساتھ نجی جیل میں قید تھی اور یتیم تھی، انہوں نے الزام لگایا کہ لڑکی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل مری کی بازیاب ہونے والی اہلیہ اور بچے جوڈیشل مجسٹریٹ 12 کی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
عدالت نے مری کے بازیاب ہونے والے اہل خانہ کا جسمانی معائنہ اور ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی تھی۔
متاثرہ خاندان کے وکیل تنویر مری نے میڈیا کو بتایا کہ سی آر پی سی کی دفعہ 164 کے تحت مجسٹریٹ کی عدالت میں بچوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاتون اور اس کے بچوں نے صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کے خلاف بیان دیا، جنہیں اس ہفتے کے اوائل میں ایک خاتون اور اس کے دو بیٹوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جن کی لاشیں بارکھان سے ملی تھیں۔
تنویر مری نے کہا کہ بازیاب ہونے والی لڑکیوں اور لڑکوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ریپ کیا گیا تھا۔
وکیل نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان نے اپنے بیانات میں سردار عبدالرحمان کھیتران اور اس کے قریبی ساتھی کا نام لیا ہے۔