(ویب ڈیسک): کراچی میں شدید گرمی کے باعث 2 روز کے دوران سول اسپتال میں ہیٹ اسٹروک کے 150 مریض لائے گئے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق آج صبح سے اب تک ہیٹ ویو سے 40 متاثرہ افراد کو سول اسپتال لایا گیا جس کے بعد 2 روز کے دوران متاثرہ مریضوں کی تعداد 150 ہوگئی ہے۔
ایڈیشنل ایم ایس سول اسپتال کے مطابق متاثرہ افراد میں نمکیات کی کمی پائی گئی جنہیں طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا۔
انچارج شعبہ حادثات نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال اور سخت گرمی میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق سول اسپتال میں آج ہیٹ اسٹروک سےکوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم گزشتہ روز سول اسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے 8 افراد ہلاک ہوئے، اسی طرح جناح اسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔