3 دہائیوں سے زائد کے کیریئر کے ساتھ، کاجول نے متعدد بلاک بسٹر بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کی ہے، جن میں دل والے دلہنیا لے جائیں گے (ڈی ڈی ایل جے)، کبھی خوشی کبھی غم (کے 3 جی) اور دیگر شامل ہیں۔
اداکارہ نے ان دونوں فلموں میں شاہ رخ خان کے ساتھ شریک اداکاری کی تھی، حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان دونوں فلموں نے مردوں اور خواتین کے لیے کروا چوتھ کا تہوار خراب کر دیا ہے۔
ہیومنز آف سنیما سے بات کرتے ہوئے کاجول کا کہنا تھا کہ کبھی خوشی کبھی غم اور دل والے دلہنیا لے جائیں گے دونوں نے مرد و خواتین سے اچھے کپڑے پہننے کی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں، جبکہ پہلے یہ ایک سادہ تقریب ہوا کرتی تھی۔
انہوں نے کہا اچانک کروا چوتھ یہ بڑی تقریب بن گئی، ایک فیشن ڈیل جہاں ہر کسی کو کپڑے پہننے پڑتے ہیں، خواتین کو زیورات پہننا پڑتے ہیں، بھوک بھی چلے گی جب تک آپ بھوکے رہتے ہوئے اچھے لگ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی خواتین ان کے پاس آتی ہیں اور انہیں بتاتی ہیں کہ انہوں نے ان کے لئے کروا چوتھ کو خراب کردیا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ لوگ اب یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ مشہور شخصیات کروا چوتھ کیسے منا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، اب یہاں تک کہ پاپارازی بھی ہمارے گھر کے باہر آجاتے ہیں۔
کاجول جلد ہی ‘دی ٹرائل’ کے ساتھ اپنی ویب سیریز کا آغاز کریں گی، جس کا پریمیئر 14 جولائی کو ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ہوگا۔
فلم کی کاسٹ میں جیشو سین گپتا، شیبا چڈھا، عامر علی، علی خان، کبریٰ سیت، گورو پانڈے اور وجے وکرم سنگھ بھی شامل ہیں۔