پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر شاداب خان کو انگلینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں حصہ نہیں لینا چاہیے تھا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ پی سی بی کو قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو زیادہ احتیاط سے سنبھالنا چاہیے، کیونکہ یہ ورلڈ کپ کا سال ہے اور انہیں اس وقت ٹاپ کنڈیشن میں ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میری رائے میں بہتر ہوتا اگر بورڈ انہیں (شاہین شاہ آفریدی) کھیلنے کی اجازت نہ دیتا اور انہیں مشورہ دیتا کہ وہ اپنی فٹنس پر کام کریں اور کچھ آرام کریں، کیونکہ ورلڈ کپ قریب ہے اور آگے مزید سیریز ہیں اور ہمیں ان کی ضرورت ہے، لیگ میں اس کی ضرورت نہیں ہے، وہ پاکستان ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی پی سی بی کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں، وہ حال ہی میں انجری سے واپس آئے ہیں اور آپ نے دیکھا ہوگا کہ انہوں نے اب تک صرف دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میچوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ شاداب خان کو پہلے ہی فٹنس کے مسائل ہیں اور انہیں لیگ میں کھیلنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے، میری رائے میں پی سی بی کو ان چیزوں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
تاہم جنید خان کا ماننا ہے کہ انگلینڈ میں لیگ کرکٹ لیگ اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ بولر زمان خان جیسے نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح اسامہ میر اور زمان خان لیگ میں حصہ لینے آئے تھے، اسی طرح یہ وہ نوجوان ہیں جو سیکھنے کے لیے یہاں آئے ہیں، بالکل اسی طرح میں شروع میں یہاں آیا تھا اور بہت کچھ سیکھا تھا۔