اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی مشروط رضامندی ظاہر کردی۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے وفد نے اجلاس میں شرکت کرنی ہے تو وہ اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ پارٹی نے ہر فورم پر پی ٹی آئی کا بائیکاٹ کیا ہے اور ایسا کرتے رہیں گے۔
لہٰذا جے یو آئی (ف) کسی بھی ایسے فورم میں شرکت نہیں کرے گی، جہاں پی ٹی آئی موجود ہو۔
عوامی نیشنل پارٹی نے 3 مئی کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی کال دے دی ہے، کانفرنس میں دیگر جماعتوں کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف بھی شرکت کرے گی۔
عوامی نیشنل پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) سمیت تمام جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
پی ٹی آئی پہلے ہی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کرچکی ہے اور سابق اسپیکر اسد قیصر پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔