اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 20 مارچ تک معطل کردیئے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیضان گیلانی نے وارنٹ معطل کرتے ہوئے عمران خان کو مقررہ تاریخ پر متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے 13 مارچ کو بار بار عدالت میں پیش نہ ہونے پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق وزیر اعظم نے وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی، لیکن بار بار طلبی کے باوجود وہ اب تک ذاتی طور پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
بعد ازاں 14 مارچ کو جج گیلانی نے وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کر دیے تھے اور آج انہوں نے ریلیف میں توسیع کر دی۔
آج کی سماعت کے دوران جب پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے تو انہوں نے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی مخالفت کی، جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل نے پارٹی سربراہ کو ریلیف دینے کی اپیل کی جس پر جج نے عمل کیا۔