اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے جج دھمکی کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر 16 مارچ تک عمل درآمد روک دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری چیلنج کرنے کی سماعت کی، جس دوران عمران خان کے وکلاء نعیم پنجوتھہ اور انتظار پنجوتھا پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین پر لگائی گئی تمام دفعات قابلِ ضمانت ہیں، جس پر جج نے استفسار کیا کہ اس سے پہلے کیا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے؟
وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے، عدالت نے وکلاء کو عدالتی دستاویزات ٹھیک کرکے دینے کی ہدایت کی۔
عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر 16 مارچ تک عمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے، جبکہ وکلا کو سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق دستاویزات پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16 تک ملتوی کر دی۔