اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستوں کنٹینر لگاکر جزوی طور پر بند کردیا گیا۔فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی جانے والے راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور مری روڈ پر چاندنی چوک اور سکستھ روڈ پر کنٹینر پہنچادیے گئے ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف دھرنا ضرور ہوگا اور قافلے اسلام آباد کی طرف رواں ہیں۔
امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان اور نائب امیر لیاقت بلوچ اسلام آباد موجود ہیں، لیاقت بلوچ کے گھر چھاپے میں دو ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا۔
جماعت اسلامی نے لاہور، گجرات، وہاڑی، سرگودھا، حافظ آباد اور فیصل آباد سے متعدد کارکنان کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی، گرفتار کارکنوں کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
علاوہ ازیں انتظامیہ کا بتانا ہےکہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں میٹروبس سروس بند کردی گئی ہے، میٹروبس سروس آئی جے پی سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں میٹروبس سروس بحال ہے اور فیض آباد سےصدر تک میٹرو بس سروس چل رہی ہے۔