اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا کے قریب تارکین وطن کا ایک بحری جہاز ڈوب گیا جس میں 3 بچوں سمیت 45 افراد سوار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی کے حادثے میں زندہ بچ جانے والے چار افراد کے ایک گروپ کے مطابق کشتی تیونس کے شہر سفیکس سے روانہ ہوئی تھی اور چند گھنٹوں کے اندر ہی ڈوب گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق زندہ بچ جانے والوں میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جن کا تعلق آئیوری کوسٹ اور گنی سے ہے اور وہ بدھ کے روز لامپیڈوسا کے جزیرے پر پہنچے ہیں۔
اس سال شمالی افریقہ سے یورپ میں داخل ہوتے ہوئے 1800 افراد ہلاک ہوئے۔
تیونس کے حکام کے مطابق لامپیڈوسا سے 80 میل (130 کلومیٹر) کے فاصلے پر واقع بندرگاہی شہر سفیکس بہتر زندگی کی امید میں یورپ میں داخل ہونے والے تارکین وطن کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کو زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ وہ ایک کشتی پر سوار تھے جس میں تین بچوں سمیت 45 افراد سوار تھے۔
زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ ان کی کشتی گزشتہ ہفتے جمعرات کو سفیکس سے روانہ ہوئی تھی لیکن چند گھنٹوں کے اندر ہی ڈوب گئی، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ایک مال بردار جہاز نے بچایا اور پھر اطالوی کوسٹ گارڈ کے جہاز میں منتقل کر دیا۔
اتوار کے روز اطالوی کوسٹ گارڈ نے دو بحری جہازوں کے تباہ ہونے کی اطلاع دی تھی لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ زندہ بچ جانے والوں کی کشتی ان میں سے ایک تھی یا نہیں۔