آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فوج کا ایک میجر اور ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جب سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں کے ایک گروہ کو میجر عامر عزیز نے دیکھا اور روک لیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے میں 29 سالہ میجر عامر اور 27 سالہ سپاہی محمد عارف شہید ہوگئے۔
فوج کے میڈیا افیئرز ونگ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔