پی ٹی آئی چیئرمین نے حال ہی میں ایک سینئر حاضر سروس فوجی افسر کے خلاف انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات لگائے ہیں، جس سے فوج اور انٹیلی جنس اداروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی فائدے کے لیے فوجی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد الزامات اور افسوسناک رجحان گزشتہ ایک سال سے جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوج اسے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے طور پر دیکھتی ہے، جس کا مقصد اشتعال انگیزی اور سنسنی خیز پراپیگنڈہ پھیلانا ہے، جو افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان جھوٹے الزامات کے جواب میں متعلقہ سیاسی رہنما پر زور دیا جاتا ہے کہ اگر وہ اپنے دعووں کی صداقت پر واقعی یقین رکھتے ہیں تو وہ قانونی راستے اختیار کریں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی ادارے کی ساکھ اور سالمیت کو نقصان پہنچانے والے بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا ضروری ہے۔
فوجی ادارہ ان بے بنیاد الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتا ہے کہ وہ ایسے بیانات اور پروپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے جو صریح طور پر جھوٹے اور بدنیتی عزائم پر مبنی ہیں۔