(ویب ڈٰیسک): وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ کے لیے مئی کے وسط تک تیار ہو جائے گا۔ڈان نیوز کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا ہدف لاہور، کراچی، اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنا ہے، ویزا پالیسی کی مشکلات پر قابو پاکر ملک قابلِ رسائی بنانا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ایئر پورٹ بھی آؤٹ سورسنگ کے لیے تیار کر لیے جائیں گے۔
وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو جلد ہی یورپی یونین اور برطانیہ سے کلیئرنس مل جائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم بھرپور طریقے سے اس معاملے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری ویزا پالیسی پرانی ہے، دہائیوں پرانی ذہنیت اب بھی کام کر رہی ہے، ویزا پالیسی کی مشکلات پر قابو پالیں گے، اپنا ملک قابلِ رسائی بنائیں گے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسائل سے پوری طرح واقف ہیں، انہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو ملک کے تین اہم ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ اور پی آئی اے کی نجکاری کے لیے وفاقی وزیر دفاع اور ہوا بازی خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ نے کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی جس کے بعد کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ایئرپورٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ کا جائزہ لے گی اور پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق امور کی نگرانی بھی کرے گی۔
کمیٹی ارکان میں وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکریٹری نجکاری اور سیکریٹری ہوا بازی ڈویژن بھی شامل ہیں۔