وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ اسلام زبردستی مذہب تبدیل کرانے یا جبرکی اجازت نہیں دیتا، ماضی میں ایسے واقعات رونما ہونے پر افسوس ہے۔
اسلام آباد میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، دفاع کے میدان میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تعریف ہیں، مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی میں کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عیسائی، ہندوؤں، سکھوں اور پارسی برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ ملک آپ کا ہے، حکومت پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرےگی ، قومی اقلیتی کمیشن کا مسودہ جلد اسمبلی سے منظور کروا کے قانون کی شکل دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں زبردستی مذہب تبدیل کرانے کی اجازت نہیں، اسلام کسی کے ساتھ زیادتی کی اجازت نہیں دیتا، ماضی میں ایسے واقعات رونما ہونے پر افسوس ہے، اقلیتوں پر گزشتہ برسوں میں ہوئے حملے قابل مذمت ہیں ، آئین پاکستان کے تحت ملک میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام مذاہب امن محبت اور بھائی چارےکا درس دیتے ہیں۔