وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور ترقی کے حصول کے لئے حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروا کر معیشت کو مثبت سمت میں گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
اسلام آباد میں ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے موجودہ ٹیکس نظام میں مسائل اور چیلنجز کو تسلیم کرنے میں کمیشن کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے وسائل کو متحرک کرنے، کاروبار کرنے میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات کے لئے قابل قدر تجاویز تیار کرنے میں کمیشن کے کردار کو بھی سراہا۔
اجلاس میں کمیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا گیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے بعد کاروبار دوست ٹیکس اصلاحات لانے پر اتفاق کیا گیا۔