اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کی تردید کردی۔
اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا اور قوم کو یقین دلایا کہ ان کے پاس روڈ میپ اور پالیسی ہے اور پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ ملک نے ڈیفالٹ نہیں کیا ہے اور مستقبل میں بھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی تمام مالی مشکلات کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں اور پی ڈی ایم کی قیادت والی حکومت تمام چیلنجز پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے رہنما صرف ایسے بیانات دے رہے ہیں جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو نہ صرف ٹانگ میں بلکہ دماغ میں بھی مسائل ہیں، کیونکہ انہوں نے ملک پر ایٹم بم گرانے کی بات کی تھی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان اپنی تقاریر میں حقائق سے ہٹ کر بات کر رہے ہیں، حالانکہ وہ ملک کو تباہی کے دہانے پر لانے کے ذمہ دار ہیں۔
شبر زیدی کے مطالبے کہ مقامی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت آسمان کو چھونے پر وزیر خزانہ کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے، اسحٰق ڈار نے کا جواب دیتے ہوئے کہا شبر زیدی کون ہیں؟
اسحاق ڈار نے کہا کہ شبر زیدی کو ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے پر جیل میں ہونا چاہیے۔