بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے چنئی سپر کنگز کو پانچویں مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا ٹائٹل دلایا۔
آئی پی ایل 2023 کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں دھونی کی چنئی سپر کنگز اور ہاردک پانڈیا کی گجرات ٹائٹنز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
آئی پی ایل فائنل جو ابتدائی طور پر اتوار کو ہونا تھا، مسلسل بارش کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا، پیر کی رات میچ کے درمیان میں بارش ہوئی اور دوسری اننگز کو 15 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
چنئی سپر کنگز کو اپنا پانچواں ٹائٹل حاصل کرنے کے لئے 15 اوورز میں 171 رنز کی ضرورت تھی، جبکہ گجرات مسلسل دوسرا آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کی کوشش کر رہا تھا۔
میچ کے توازن میں ہونے کی وجہ سے اسٹیج سنسنی خیز فائنل کے لیے تیار ہو گیا، جیسے ہی ہجوم میں کشیدگی پیدا ہوئی، یہ رویندر جڈیجا ہی تھے جو اس لمحے کے ہیرو کے طور پر ابھرے۔
چنئی سپر کنگز کو آخری 2 گیندوں پر 10 رنز کی ضرورت تھی، جڈیجہ نے اپنی ناقابل یقین ہٹنگ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری دو گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو حیرت انگیز فتح دلائی۔