وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ مہینوں میں مہنگائی کی بلند ترین سطح پر رہنے کا امکان ہے, جس سے عوام اور حکومت کی تشویش میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی مہنگائی اپریل کے لئے تقریبا 36-38 فیصد کے آس پاس رہے گی۔
اس کے اہم محرکات خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہیں، مزید برآں، کرنسی کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی انتظامی قیمتوں نے مجموعی قیمت کی سطح میں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، تاہم وبائی امراض سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں یہ اب بھی زیادہ ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے سست بحالی کی وجہ سے ضروری فصلوں کی فراہمی گھریلو ضروریات سے کم رہ گئی ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک سکڑتی ہوئی مانیٹری پالیسی نافذ کر رہا ہے، لیکن مہنگائی کی توقعات پوری نہیں ہو رہی ہیں۔
تاہم وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے فرق پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو اب بھی اہم چیلنجز کا سامنا ہے، جس میں مہنگائی میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں میں سست روی شامل ہے۔
تاہم، کچھ مثبت اشارے حکومت کی استحکام کی پالیسیوں کے نتیجے میں ظاہر ہوتے ہیں کیونکہ ادائیگی کے توازن (بی او پی) کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں تبدیل ہو گیا ہے۔
یہ بیرونی فنانسنگ کی رکاوٹ کو بہتر بنا سکتا ہے، شرح مبادلہ کے استحکام میں حصہ ڈال سکتا ہے، اور معیشت میں اعتماد کو فروغ دے سکتا ہے.
وزارت خزانہ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل سے مزید سرمائے کے بہاؤ کو راغب کرنے، شرح تبادلہ میں مزید استحکام اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔