بھارت کی سپریم کورٹ شمال مشرقی ریاست منی پور میں نسلی تشدد سے متعلق متعدد درخواستوں کی سماعت کے لیے تیار ہے، جن میں دو خواتین کی ایک درخواست بھی شامل ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین کو بھیڑ نے برہنہ کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی، ان کی عرضی میں منصفانہ ٹرائل اور ان کی شناخت کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مئی کے اوائل میں، جب منی پور میں تشدد شروع ہوا تھا، ان پر حملہ کیا گیا تھا، لیکن یہ صرف اسی مہینے سرخیوں میں آیا تھا۔
ایک اور درخواست وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس کیس کی سماعت ریاست سے باہر منتقل کی جائے اور اسے چھ ماہ میں نمٹایا جائے۔
ریاست منی پور میں اکثریتی میتی اور اقلیتی کوکی آدیواسی برادریوں کے درمیان تشدد میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کم از کم 130 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
خواتین کوکی تھیں جبکہ ان کے ارد گرد موجود مرد میتی گروپ سے تھے، واقعہ کے کچھ دن بعد درج کرائی گئی پولیس شکایت کے مطابق ان میں سے ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی بھی کی گئی تھی۔
پولیس نے اس معاملے میں اب تک سات لوگوں کو گرفتار کیا ہے، لیکن پہلی گرفتاری ویڈیو وائرل ہونے کے ایک دن بعد 20 جولائی کو ہی ہوئی تھی۔