لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل نہ ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ گئی، جس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا۔
اسلام آباد پولیس کی ایک ٹیم پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے عدالتی احکامات کی تعمیل کے لیے گزشتہ روز سے لاہور میں موجود ہے۔
پولیس نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن کا استعمال کیا ہے، کیونکہ وہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش میں آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ ان کی رہائش گاہ سے تقریبا 90 میٹر کی دوری پر ہیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کردیے، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے زمان پارک میں موجود ہیں۔
گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ کی مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے مقامی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے تھے اور انہیں 13 مارچ کو نچلی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
10 دن سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا موقع ہے، جب پولیس معزول وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے لیے زمان پارک پہنچی ہے۔
جب پارٹی کارکنوں نے پتھراؤ کیا تو ایک پولیس اہلکار کے چہرے پر چوٹیں آئیں، دریں اثنا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری پولیس پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں، جس نے شہر کے پوش علاقے میں عمران خان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پولیس افسر نے کہا، ہم وارنٹ کی تعمیل کرنے آئے ہیں، ہم کیس کی تفصیلات جانتے ہیں لیکن اس پر بات نہیں کر سکتے۔
ایک صحافی نے افسر سے سوال کیا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے بعد آپ انہیں کہاں لے جائیں گے؟ اس پر ڈی آئی جی بخاری نے کہا کہ پہلے انہیں گرفتار کریں اور پھر میڈیا کو آگاہ کریں گے۔