لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سندھ کو آئین کی بالادستی اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لاہور زمان پارک میں اہم ملاقات کی۔
عمران خان نے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کو رول آف لا اور آئین کی بالادستی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں و سول سوسائٹی سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے، جسے روکنے کے لیے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہے، جو سیاسی جماعتیں آئین کی بالادستی کے لیے کھڑا ہونا چاہتی ہیں ان سب سے رابطہ کیا جائے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ کی سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں اور سول سوسائٹی سے بھی رابطہ کیا جائے گا، آئین کی بالادستی اور رول آف لا کے لیے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا۔