چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس اور دیگر مقدمات میں انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ میں پیش ہو کر عبوری ضمانتیں حاصل کرلیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت اور بعد بینکنگ کورٹ کی خاتون جج کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بینکنگ کورٹ کی خاتون جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا اور ان کی ضمانت منظور کرلی۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 4 مختلف مقدمات میں پیشی کے لیے اسلام آباد پہنچے تو کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔
عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو اس موقع پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، پی ٹی آئی کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ توڑ دیا اور بڑی تعداد میں اندر داخل ہوگئے۔
سماعت کے دوران جی 11 جوڈیشل کمپلیکس پر سکیورٹی کے انتظامات درہم برہم ہوگئے، پی ٹی آئی کارکنوں نے تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا۔
عمران خان لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے بذریعہ سڑک اسلام آباد پہنچے، اس سے قبل طیارے سے جانا تھا تاہم بعد ازاں روانگی کا پروگرام تبدیل کردیا گیا۔