اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں پی ٹی آئی سربراہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں سابق وزیراعظم کے خلاف سرکاری ڈپازٹری سے رکھے گئے تحائف ظاہر نہ کرنے پر فوجداری کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔
سابق وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر گوہر اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے جب سابق وزیراعظم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور کیس پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ غیر حاضری کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی، انہوں نے کہا کہ ملزم کو عدالت میں پیش ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ نے پیر کو طلب کیا ہے، اس لیے ٹرائل کورٹ انہیں حکم دے کہ وہ اسی دن عدالت کے سامنے پیش ہوں۔
بعد ازاں عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں پیر کو سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی۔