پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری کارروائی کیس میں گرفتار کرنے کیلئے اسلام آباد پولیس لاہور پہنچ گئی ہے۔
ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے زمان پارک پہنچ کر وارنٹ گرفتاری دکھائے ہیں،جبکہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور پولیس سے بھی معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر طیارہ تیار ہے، عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان کو اڈیالہ جیل میں منتقل کرنے کے بھی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے، جہاں ان کیلئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان والا سیل تیار کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق عدالتی احکامات کی تعمیل کیلئے وفاقی پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے، رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کر دے گی۔
انہوں نے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہ رہا ہوں کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سے کام لیں۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے عمران خان کے توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری کارروائی کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔