سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو میڈیکل رپورٹ پر پریس کانفرنس کرنے پر 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے وکیل ابوذر سلمان نیازی کے ذریعے نوٹس بھجوایا۔
سابق وزیر اعظم نے قادر پٹیل سے کہا کہ وہ 15 دن میں اپنے الزامات واپس لیں، فوری طور پر ان سے غیر مشروط معافی مانگیں یا 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہرجانہ شوکت خانم میموریل اسپتال (ایس کے ایم ایچ) میں جمع کرایا جائے گا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر عبدالقادر پٹیل معافی نہیں مانگتے ہیں تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان سے متعلق میڈیکل رپورٹس میں شراب اور کوکین کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے اور سابق وزیراعظم ذہنی طور پر غیر مستحکم ہیں۔
انہوں نے یہ چونکا دینے والے انکشافات جمعہ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے طبی معائنے کیے گئے، جن میں پیشاب کے نمونوں کا تجزیہ بھی شامل تھا اور رپورٹ کے ابتدائی نتائج میں منشیات کے استعمال کی نشاندہی کی گئی تھی۔