لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس پر حملے سمیت 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج طلب کرلیا۔
سابق وزیراعظم کو قلعہ گوجر سنگھ میں جے آئی ٹی ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا ہے، ٹیم 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے عمران خان سے پوچھ گچھ کرے گی۔
جے آئی ٹی نے عمران خان کو کال اپ نوٹس جاری کرتے ہوئے تفتیش کاروں کے سامنے پیش ہونے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں نے گرفتار ملزمان سے زمان پارک سے روابط کے حوالے سے تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔
27 مئی کو محکمہ داخلہ پنجاب نے 9 مئی کو لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔
محکمہ تفتیش کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن عقیلہ نیاز نقوی کو جے آئی ٹی کی کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں صوبائی پولیس فورس کے چار دیگر افسران بھی شامل ہیں۔
میجر (ر) ضیاء الحسن کے بیٹے رضوان ضیاء کو بھی اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جو پنجاب اور سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔