اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 28 فروری کو طلب کرنے کا حکم دے دیا۔
جج رخشندہ شاہین نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کی قانونی ٹیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بینکنگ کورٹ میں جمع کرادی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی کاپی موصول ہونے کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
سابق وزیراعظم نے فنڈنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے سے رابطہ کیا اور تفتیش کاروں سے درخواست کی کہ انہیں تحقیقات میں شامل کیا جائے۔
عمران خان کی جانب سے بھیجے گئے خط میں انہوں نے نشاندہی کی کہ بغیر انکوائری کے مقدمہ درج کیا گیا جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے ایف آئی اے کو پیشکش کی تھی کہ یا تو ورچوئل ذرائع سے انہیں تحقیقات میں شامل کیا جائے یا پھر ایف آئی اے کی ٹیم لاہور میں ان سے ملاقات کرے یا انہیں سوالنامہ بھیجے، تاہم ان تمام پیشکشوں کو ایف آئی اے نے ٹھکرا دیا تھا۔