پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک آپریشن اور ان کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے سی سی پی او آفس میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے خلاف دائر مقدمات کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے عمران خان اور دیگر تمام نامزد رہنماؤں کو آج طلب کرلیا ہے۔
سی سی پی او آفس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ اپنے وکلاء کے ذریعے ٹیم کے سامنے اپنا موقف پیش کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اسد عمر ہی وہ واحد شخص تھے جنہوں نے انہیں جاری کیے گئے سمن کی تعمیل کی اور اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے جے آئی ٹی کی تشکیل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 11 رہنماؤں کے خلاف 10 بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ جے آئی ٹی کی جانب سے زیر تفتیش کیسز سے لاعلم ہے۔
پارٹی نے جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔