آئی ایم ایف کے مطالبات پر عمل درآمد کے بعد حکومت نے فرسٹ اور بزنس کلاس کی بین الاقوامی پروازوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی ہے۔
قومی اسمبلی نے پیر کے روز فنانس سپلیمنٹری بل 2023 کی منظوری دی تھی، جس میں آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے 170 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی تجویز دی گئی تھی۔
بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق بل کے تحت مختلف سطحوں پر 250،000 روپے سے 75،000 روپے تک ایف ای ڈی کی مقررہ رقم عائد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
بل کی منظوری کے بعد کینیڈا اور امریکہ کے لیے ایف ای ڈی 0.25 ملین روپے مقرر کیا گیا تھا، جبکہ یورپ کے لئے یہ 0.15 ملین روپے مقرر کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے بزنس اور فرسٹ کلاس ٹکٹوں پر 0.075 ملین روپے کا ایف ای ڈی عائد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے سپر ٹیکس کی شکل میں 10 فیصد براہ راست ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایئرلائن کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔