وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار 10 سے 16 اپریل تک عالمی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کے سالانہ موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ سیکریٹری خزانہ و اقتصادی امور ڈویژن اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی ہوں گے جبکہ وفد آئی ایم ایف اور عالمی بینک کو نقد رقم کے حصول کے لیے نئی تجاویز پیش کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف 6.5 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے بقیہ 10 ویں اور 11 ویں جائزے کو یکجا کرنے کے امکان پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ 2019 میں دستخط کیے گئے آئی ایم ایف پروگرام کی میعاد 30 جون 2023 کو ختم ہونے والی ہے، اس ڈیڈ لائن کو طے شدہ رہنما خطوط سے آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔
زیر التواء نویں جائزے کی تکمیل دسمبر 2022 میں طے تھی اور دسواں جائزہ فروری 2023 میں شروع ہونا تھا، گیارہواں جائزہ 3 مئی سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
تاہم، 9 ویں جائزے پر تاخیر سے فیصلہ صورتحال کو درست کرنے کی لاگت میں اضافہ کرے گا.