پاکستانی جوڑی آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کے شریک مالک جی ایم آر گروپ کی حمایت یافتہ فرنچائز سیئٹل کی ٹیم کے لئے کھیلنے کے لئے اصولی طور پر راضی ہوگئی ہے۔
عماد وسیم اور اعظم خان امریکا میں میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے افتتاحی سیزن میں سیئٹل اورکس کو جوائن کریں گے۔
اگرچہ دونوں کھلاڑیوں کے پاس پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہے، لیکن انہوں نے سیئٹل میں قائم ٹیم کے لئے کھیلنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے، جو جی ایم آر گروپ کی حمایت یافتہ فرنچائز ہے، جو انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپیٹلز کے شریک مالک ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دو دیگر پاکستانی کھلاڑی جو قومی ٹیم میں ریگولر ہیں اور سینٹرل کنٹریکٹ رکھتے ہیں وہ بھی ایم ایل سی میں ایک اور فرنچائز کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
تاہم ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت پی سی بی کی جانب سے منظوری کے لیے زیر التوا ہے جو فیصلہ کرے گا کہ انہیں لیگ میں حصہ لینے کے لیے این او سی دیا جائے یا نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے ایم ایل سی کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی درخواست پر مثبت جواب دیا ہے لیکن ان کی شرکت کے لیے ایک شرط رکھی ہے۔
پی سی بی نے ایم ایل سی انتظامیہ سے لیگ میں ہر کھلاڑی کی شمولیت پر 25 ہزار ڈالر ادا کرنے کو کہا ہے۔
ایم ایل سی 13 سے 30 جولائی کے درمیان ڈیلاس میں ہوگا جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
اس ٹورنامنٹ نے پہلے ہی کرکٹ کھیلنے والے مختلف ممالک کے نامور کھلاڑیوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے، جس سے لیگ کے افتتاحی سیزن کے بارے میں توقعات اور جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے۔
جیسن رائے نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ اپنے معاہدے کو چھوڑ دیا ہے تاکہ وہ امریکہ کے نئے ٹی 20 ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں کھیل سکیں۔