آئی سی سی نے مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے لیے مساوی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اوور ریٹ کی سزاؤں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں منعقدہ آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران کیا گیا جو 2030 تک انعامی رقم میں برابری حاصل کرنے کی آئی سی سی کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
اب ٹیموں کو تقابلی مقابلوں میں یکساں پوزیشن حاصل کرنے پر برابر انعامی رقم ملے گی اور ان مقابلوں میں میچ جیتنے پر بھی اتنی ہی انعامی رقم ملے گی۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا کہ یہ ہمارے کھیل کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آئی سی سی کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والے مرد اور خواتین کرکٹرز کو اب یکساں انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2017 کے بعد سے ہم نے ہر سال خواتین کے مقابلوں میں انعامی رقم میں اضافہ کیا ہے، جس میں مساوی انعامی رقم تک پہنچنے پر واضح توجہ دی گئی ہے اور یہاں سے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے برابر انعامی رقم ہوگی جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور انڈر 19 کے لئے بھی اتنی ہی انعامی رقم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ واقعی سب کا کھیل ہے اور آئی سی سی بورڈ کا یہ فیصلہ اس بات کو تقویت دیتا ہے اور ہمیں کھیل میں ہر ایک کھلاڑی کی شراکت کا جشن منانے اور اس کی قدر کرنے کے قابل بناتا ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 اور 2023 کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کو بالترتیب 10 لاکھ اور 5 لاکھ ڈالر دیے گئے جو 2018 کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہے۔