لاہور: آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف ایلرڈائس پر مشتمل وفد نے پاکستان کو کھیلوں کے حوالے سے پرامن ملک قرار دیتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے پاکستان سے آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے یقین دہانی بھی طلب کی۔
اکتوبر نومبر میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے پی سی بی سے یقین دہانی حاصل کرنے کے لیے بارکلے اور ایلرڈائس لاہور میں موجود تھے۔
آئی سی سی چاہتی ہے کہ پی سی بی ورلڈ کپ میں اپنے میچوں کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے نفاذ پر اصرار نہ کرے۔
پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت جانے سے انکار کر دے گی۔
بی سی سی آئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایشیا کپ کے لیے پی سی بی کا مجوزہ ہائبرڈ ماڈل منظور کرلیا گیا تو پی سی بی آئی سی سی سے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بھی اسی ماڈل کو نافذ کرنے کی درخواست کرسکتا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پاکستان نے ٹیم کے دورہ بھارت کی منظوری نہیں دی تو پی سی بی آئی سی سی سے میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کی درخواست کرے گا۔
اس طرح کی صورتحال آئی سی سی اور بی سی سی آئی دونوں کے لئے ایک بڑا دھچکا ہوگا، کیونکہ ہندوستان میں ہونے والا بھارت اور پاکستان کا میچ کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کے لئے معاشی طور پر کامیاب ہوتا ہے۔
اس کے برعکس کسی دوسرے ملک میں میچ کا انعقاد بڑی تعداد میں شائقین کو اپنی طرف متوجہ نہیں کرے گا، یہی وجہ ہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ ایشیا کپ کے لئے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے سے ہچکچا رہے تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ اگر ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی غیر جانبدار ملک میں منتقل کیا گیا تو پاکستانی ٹیم شرکت نہیں کرے گی۔
تاہم رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی توثیق کے باوجود بی سی سی آئی اب بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں ایشیا کپ پاکستان سے چھین لیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلرڈائس نے اپنے دورے کے دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور میوزیم کا دورہ کیا۔