مستعفی ہونے والے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ بہت خوش اور مطمئن ہوں کہ اپنے اصولوں پرکاربند ہوں اور کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکا۔
نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے آفتاب سلطان نے کہا کہ چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، کسی کے خلاف جھوٹا مقدمہ نہیں چلا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف قائم ریفرنس محض اس بنیاد پر بند کرسکتا ہوں کہ مجرم کسی بااثر شخص کا رشتہ دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی زندگی اور پیشہ ورانہ کیریئر میں قانون کے مطابق کام کرنے کی کوشش کی اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ اخلاقی اقدار اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے نیب کے نوجوان افسران پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین ہمارے تمام مسائل کا حل فراہم کرتا ہے، آئین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے آج ہم سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہیں۔