لاہور: معروف پاکستانی پریزنٹر زینب عباس کے چھوٹے بھائی حسین مرزا لاہور میں ہونے والے قومی تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔
13 اسپنرز اور 11 فاسٹ باؤلرز رواں ماہ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مردوں کے خصوصی کیمپ سے گزریں گے، تاکہ دلچسپ اور چیلنجنگ سیزن سے قبل گہری اور مضبوط کور تیار کی جا سکے۔
10 سے 15 جون اسپنرز کے لیے اور 16 سے 21 جون فاسٹ بولرز کے لیے جاری رہنے والے دو کیمپوں میں چودہ بلے باز بھی شامل ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حسین مرزا اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کا کردار سنبھالیں گے اور اسپنرز، فاسٹ باؤلرز اور بلے بازوں پر مرکوز خصوصی کیمپوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو اپنی مہارت پیش کریں گے۔
اس سال کے اوائل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے دوران ملتان سلطانز کی جانب سے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے کامیابی کے بعد حسین مرزا کو ٹریننگ کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔