معروف میزبان، اداکار اورہدایت کار ضیاء محی الدین 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ضیاء محی الدین طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں آج زندگی کی بازی ہار گئے۔
ضیاء محی الدین 91برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ اپنے شائستہ لب ولہجے، آواز اور انداز ادائیگی سے دنیائے فن میں منفرد مقام رکھتے تھے۔
ضیاء محی الدین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈیفنس فیز فور میں امام بار گاہ یثرب میں ادا کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر آئی ٹی امین الحق اور دیگر سیاسی شخصیات نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضیاء محی الدین کی صلاحیتوں اورخدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ کئی خوبصورت خوبیوں کا مالک شخص کوچ کرگیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضیاء محی الدین کی آواز ہمارے ذہن میں گونجتی رہے گی، وہ اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے، ان کے مخصوص اندازنے پاکستان سمیت دنیابھر میں دھوم مچائی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ضیاء محی الدین کا انتقال دنیائے فن کے لیے کسی سانحے سے کم نہیں، سوگوار خاندان اور پرستاروں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ضیاء محی الدین اپنی سدا بہار فنی خدمات کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔